دہشت گردی اور فتنہء خوارج (اردو)

دوران جنگ بھی غیر مسلموں کے قتل عام اور دہشت گردی کی ممانعت

اسلام کے جنگی قوانین کے مطابق غیر جانب دار افراد یا ممالک کے ساتھ جنگ نہیں کی جائے گی، خواہ ان کے ساتھ نظریاتی اختلاف کتنا ہی زیادہ کیوں نہ ہو۔ اسلام نے ایسے غیر جانب دار لوگوں کے ساتھ پرامن رہنے کا حکم دیا ہے کیونکہ اسلام خواہ مخواہ جنگ یا تصادم کو پسند نہیں کرتا۔ وہ ہر انسانی جان کا احترام کرتا ہے اور انسانی خون کی حرمت کی پاسداری کا ہر سطح پر پورا پورا اہتمام کرتا ہے۔

1۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے :

ياَيُهَا الَّذِيْنَ اٰمَنُوْا کُوْنُوْا قَوّٰمِيْنَِﷲِ شُهَدَآءَ بِالْقِسْطِ ز وَلاَ يَجْرِمَنَّکُمْ شَنَاٰنُ قَوْمٍ عَلٰی اَلاَّ تَعْدِلُوْاط اِعْدِلُوْاقف هُوَ اَقْرَبُ لِلتَّقْوٰي ز وَاتَّقُوا اﷲَط اِنَّ اﷲَ خَبِيْرٌم بِمَا تَعْمَلُوْنَo

المائدة، 5 : 8

’’اے ایمان والو! اﷲ کے لیے مضبوطی سے قائم رہتے ہوئے انصاف پر مبنی گواہی دینے والے ہو جاؤ اور کسی قوم کی سخت دشمنی (بھی) تمہیں اس بات پر برانگیختہ نہ کرے کہ تم (اس سے) عدل نہ کرو۔ عدل کیا کرو (کہ) وہ پرہیزگاری سے نزدیک تر ہے، اور اﷲ سے ڈرا کرو! بے شک اﷲ تمہارے کاموں سے خوب آگاہ ہےo‘‘

اس آیت میں کسی قوم کی دشمنی (hostility) کے باوجود اس کے ساتھ طرز عمل میں ظلم کرنے یا حد سے تجاوز کرنے کی ممانعت ہے جیسا کہ امام قرطبی نے ابو عبیدہ اور فراء کے حوالے سے اس کا معنی بیان کیا ہے :

معنی ﴿لاَ يَجْرِمَنَّکُمْ﴾ أی لا يکسبنکم بغض قوم أن تعتدوا الحق إلی الباطل، والعدل إلی الظلم.

قرطبی، الجامع لأحکام القرآن، 6 : 45

’’لاَ يَجْرِمَنَّکُمْ کا معنی یہ ہے کہ کسی قوم کا بغض و عداوت تم سے یہ کام نہ کروا سکے کہ تم حق سے باطل اور عدل سے ظلم کی طرف تجاوز کرو۔‘‘

2۔ اسی طرح بلاامتیاز قتل عام کی ممانعت کے بارے میں ارشاد باری تعالیٰ ہے :

لَا يَنْهٰکُمُ اﷲُ عَنِ الَّذِيْنَ لَمْ يُقَاتِلُوْکُمْ فِی الدِّيْنِ وَلَمْ يُخْرِجُوْکُمْ مِّنْ دِيَارِکُمْ اَنْ تَبَرُّوْهُمْ وَتُقْسِطُوْا اِلَيْهِمْ ط اِنَّ اﷲَ يُحِبُّ الْمُقْسِطِيْنَo

الممتحنة، 60 : 8

’’اللہ تمہیں اس بات سے منع نہیں فرماتا کہ جن لوگوں نے تم سے دین (کے بارے) میں جنگ نہیں کی اور نہ تمہیں تمہارے گھروں سے (یعنی وطن سے) نکالا ہے کہ تم ان سے بھلائی کا سلوک کرو اور اُن سے عدل و انصاف کا برتاؤ کرو، بے شک اللہ عدل و انصاف کرنے والوں کو پسند فرماتا ہےo‘‘

دہشت گرد بلا امتیاز مذہب و جنس۔ خودکش حملوں، بم دھماکوں اور دیگر ذرائع سے انسانیت کے قتل عام کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ ان کی سب سے بڑی دلیل، جس کی بناء پر وہ ایسا کرنا جائز سمجھتے ہیں۔ مسلمان ممالک پر غیر مسلم فوجوں اور طاقتوں کا قبضہ اور وہاں کے مسلمانوں پر زبردستی جنگ مسلط کیا جانا ہے۔

اس پس منظر میں اس بات کا جائزہ لینا ضروری ہے کہ دہشت گرد جس طرح بلا امتیاز مرد و زن، بازاروں، شہروں، عبادت گاہوں اور دیگر عوامی مقامات پر بم دھماکوں اور خودکش حملوں کے ذریعے انسانیت کے قتل عام کے مرتکب ہو رہے ہیں کیا حالت جنگ میں بھی ایسے اقدامات کی اسلام اجازت دیتا ہے؟

ارشادِ باری تعالیٰ (لَا يَجْرِمَنَّکُمْ شَنَاٰنُ قَوْمٍ عَلٰی اَلاَّ تَعْدِلُوْا)  میں صراحتاً یہ حکم دیا جا رہا ہے کہ کسی قوم، گروہ یا ملک کی دشمنی میں بھی مسلمانوں کو عدل ترک کرنے اور ظلم اختیار کرنے کی اجازت نہیں۔ امام قرطبی اس آیت کی تفسیر میں بیان کرتے ہیں کہ نص قرآنی سے یہ ثابت ہے کہ اسلام ہر حال میں اعتدال اور میانہ روی کے راستہ کو اختیار کرنے کا حکم دیتا ہے۔ یہاں تک کہ دورانِ جنگ بھی اسلامی تعلیمات کے مطابق قتل عام کی قطعاً اجازت نہیں۔

دہشت گردی کی مذمت اور اس کی حقیقت پر دلائل بڑے واضح اور صریح ہیں۔ اگر ہم بعض انتہا پسندوں کے اس موقف کو ایک لمحے کے لئے مان لیتے ہیں کہ وہ اسلام دشمن قوتوں کے خلاف جہاد کر رہے ہیں تو اس صورت میں بھی ان کی کارروائیاں اسلامی جہاد کے زمرے میں نہیں آئیں گی کیونکہ موجودہ دور میں جاری ان کی سرگرمیاں کسی صورت بھی اسلامی قوانین جنگ کے دائرے میں نہیں آتیں۔ عہد نبوی اور عہد خلفاء راشدین میں جاری کئے گئے احکامات و ہدایات ذیل میں ملاحظہ ہوں۔

1۔ غیر مسلم عورتوں کے قتل کی ممانعت

موجودہ دہشت گردی پر مبنی کارروائیوں میں مسلمان ریاستوں سمیت غیر مسلم ممالک میں بھی لوگوں کو قتل کر دیا جاتا ہے۔ اس پر یہ لوگ غیر مسلم حکومتوں کی طرف سے جاری رکھے جانے والے معاندانہ سلوک کو دلیل بناتے ہیں کہ چونکہ غیر مسلم حکومتیں مسلمانوں کو قتل کرنے پر آمادہ ہیں اور اس کا ارتکاب کر رہی ہیں، اس لیے ہمیں بھی جوابی کارروائی کے طور پر ان کے شہروں میں قتال کرنا چاہیے۔ حالانکہ ان کی یہ دلیل بنیادی اسلامی تعلیمات اور اسلام کے عمومی مزاج کے سراسر خلاف ہے۔ اسلام اس طرح غیر مسلموں کا قتل عام تو کُجا دورانِ جنگ بھی بے قصور غیر مسلموں کے قتل کی سختی سے ممانعت کرتا ہے۔ اسلام دنیا کا واحد مذہب ہے جس نے دورانِ جنگ بھی اسلامی فوجوں کے لئے باقاعدہ اصول و ضوابط کا تعین کیا۔ چنانچہ تعلیماتِ اسلام کے مطابق دوران جنگ بھی عورتوں کا قتل جائز نہیں ہے۔ اس کے ثبوت میں درج ذیل احادیث ملاحظہ ہوں :

1. عَنِ ابْنِِِ عُمَرَ رضي اﷲ عنهما قَالَ : وُجِدَتِ امْرَأَة مَقْتُوْلَةً فِي بَعْضِ مَغَازِي رَسُوْلِ اﷲِ صلی الله عليه وآله وسلم، فَنَهَی رَسُوْلُ اﷲِ صلی الله عليه وآله وسلم عَنْ قَتْلِ النِّسَاءِ وَالصِّبْيَانِ.

1. بخاري، الصحيح، کتاب الجهاد والسير، باب قتل النساء في الحرب، 3 : 1098، رقم : 2852
2. مسلم، الصحيح، کتاب الجهاد والسير، باب تحريم قتل النساء والصبيان في الحرب، 3 : 1364، رقم : 1744
3. ترمذي، السنن، کتاب السير، باب ما جاء في النهي عن قتل النساء والصبيان، 4 : 136، رقم : 1569
4. ابن ماجه، السنن، کتاب الجهاد، باب الغارة والبيات وقتل النساء والصبيان، 2 : 947، رقم : 2841
5. أحمد بن حنبل، المسند، 2 : 22، رقم : 4739

’’حضرت عبد اﷲ بن عمر رضی اﷲ عنہما سے مروی ہے کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے کسی غزوہ میں ایک عورت کو دیکھا جسے قتل کر دیا گیا تھا۔ اِس پر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے (سختی سے) عورتوں اور بچوں کو قتل کرنے کی ممانعت فرما دی۔‘‘

ابن بطال نے ’’شرح صحیح البخاری (5 : 186)‘‘ میں اور امام نووی نے ’’شرح صحیح مسلم (12 : 37)‘‘ میں اسی موقف کی تائید کی ہے کہ دوران جنگ عورتوں کا قتل اسلامی تعلیمات کے منافی ہے۔

2۔ اسی طرح دورانِ جنگ خواتین کے قتل کی ممانعت ایک اور حدیث سے واضح ہوتی ہے جس کو امام عبد الرزاق نے اپنی مصنّف، امام شافعی نے اپنی مسند، امام طحاوی نے شرح معانی الآثار اور امام بیہقی نے السنن الکبریٰ میں درج کیا ہے۔

عَنِ ابْنِ کَعْبِ بْنِ مَالِکٍ رضی الله عنه أَنَّ النَّبِيَّ صلی الله عليه وآله وسلم حِيْنَ بَعَثَ إِلَی ابْنِ أَبِي حَقِيْقٍ، نَهَی حِيْنَئِذٍ عَنْ قَتْلِ النِّسَاءِ وَالصِّبْيَانِ.

1. عبد الرزاق، المصنف، 5 : 202، رقم : 9385
2. شافعي، المسند : 238
3. طحاوي، شرح معاني الآثار، 3 : 221
4. بيهقي، السنن الکبریٰ، 9 : 77، رقم : 17865

’’حضرت ابن کعب بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے جب ابن ابی حقیق کی طرف لشکر روانہ کیا تو لشکر اسلام کو عورتوں اور بچوں کو قتل کرنے سے صریحاً منع کیا۔‘‘

3۔ حضرت ابو ثعلبہ خشنی روایت کرتے ہیں :

نهی رسول اﷲ صلی الله عليه وآله وسلم عن قتل النساء والولدان.

طبرانی، المعجم الأوسط، 7 : 113، رقم : 7011

’’حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے عورتوں اور بچوں کے قتل سے منع فرمایا۔‘‘

2۔ غیر مسلموں کے بچوں کے قتل کی ممانعت

دورانِ جنگ غیر مسلم خواتین کے علاوہ غیر مسلموں کے بچوں کے قتل کی ممانعت بھی اسلام کے سنہری اور انسان دوست ضابطوں میں سے ایک ہے۔ حضور نبی رحمت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اصولِ جنگ بھی دیکھیں اور جہاد کے نام پر کلمہ گو دہشت گردوں کی چیرہ دستیاں بھی۔ کاش ان لوگوں کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ان فرامین کا تھوڑا سا بھی حیاء ہوتا!

1۔ امام مسلم اپنی صحیح میں حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ کے ایک خط کا ذکر کرتے ہوئے بیان کرتے ہیں کہ انہوں نے تحریر فرمایا :

وَإِنَّ رَسُوْلَ اﷲِ صلی الله عليه وآله وسلم لَمْ يَکُنْ يَقْتُلُ الصِّبْيَانَ، فَلَا تَقْتُلِ الصِّبْيَانَ.

مسلم، الصحيح، کتاب الجهاد والسير، باب النساء الغازيات يرضخ لهن ولا يسهم والنهی عن قتل صبيان أهل الحرب، 3 : 1444، رقم : 1812

’’بے شک حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم (یعنی عہد نبوی کی مسلم فوج) دشمنوں کے بچوں کو قتل نہیں کرتے تھے، سو تم بھی بچوں کو قتل نہ کرنا۔‘‘

2۔ اس سلسلے میں دوسری روایت ملاحظہ کریں جس میں رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے بڑے سخت کلمات کے ذریعے صحابہ رضی اللہ عنہم کو غیر مسلموں کے بچے قتل کرنے سے منع فرمایا اور ان کلمات کو بار بار تاکیداً دہرایا۔ حضرت اسود بن سریع رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں :

کُنَّا فِي غَزَاةٍ فَأَصَبْنَا ظَفَرًا وَقَتَلْنَا مِنَ الْمُشْرِکِيْنَ، حَتَّی بَلَغَ بِهِمُ الْقَتْلُ إِلَی أَنْ قَتَلُوا الذُّرِّيَةَ، فَبَلَغَ ذَالِکَ النَّبِيَّ صلی الله عليه وآله وسلم، فَقَالَ : مَا بَالُ أَقْوَامٍ بَلَغَ بِهِمُ الْقَتْلُ إِلَی أَنْ قَتَلُوا الذُّرِّيَةَ؟ أَ لَا! لَا تَقْتُلُنَّ ذُرِّيَةً. أَ لَا! لَا تَقْتُلُنَّ ذُرِّيَةً. قِيْلَ : لِمَ يَا رَسُوْلَ اﷲِ، أَلَيْسَ هُمْ أَوْلَادُ الْمُشْرِکِيْنَ؟ قَالَ : أَوَلَيْسَ خِيَارُکُمْ أَوْلَادَ الْمُشْرِکِيْنَ؟

1. نسائي، السنن الکبریٰٰ، کتاب السير، باب النهي عن قتل ذراري المشرکين، 5 : 184، رقم : 8616
2. دارمي، السنن، کتاب السير، باب النهي عن قتل النساء والصبيان، 2 : 294، رقم : 2463
3. حاکم، المستدرک، 2 : 133، 134، رقم : 2566، 2567
4. طبراني، المعجم الکبير، 1 : 284، رقم : 829

’’ہم ایک غزوہ میں شریک تھے (ہم لڑتے رہے یہاں تک) کہ ہمیں غلبہ حاصل ہو گیا اور ہم نے مشرکوں سے قتال کیا اور نوبت یہاں تک پہنچ گئی کہ لوگوں نے بعض بچوں کو بھی قتل کر ڈالا۔ یہ بات حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تک پہنچی تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا : ان لوگوں کو کیا ہوگیا ہے جن کے قتل کی نوبت یہاں تک پہنچ گئی کہ انہوں نے بچوں تک کو قتل کر ڈالا؟ خبردار! بچوں کو ہرگز قتل نہ کرو، خبردار! بچوں کو ہرگز قتل نہ کرو۔ عرض کیا گیا : یا رسول اللہ! کیوں، کیا وہ مشرکوں کے بچے نہیں؟ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا : کیا تمہارے بہترین لوگ بھی مشرکوں کے بچے نہیں تھے؟‘‘

ایک روایت میں ہے کہ کسی نے عرض کیا : یا رسول اﷲ! وہ مشرکین کے بچے تھے۔ تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا :

خِيَارُکُمْ أَبْنَاءُ الْمُشْرِکِيْنَ. أَلَا! لَا تُقْتَلُ الذُّرِّيَة.

1. أحمد بن حنبل، المسند، 3 : 435، رقم : 15626، 15627
2. بيهقی، السنن الکبری، 9 : 77، رقم : 17868

’’تم میں سے بہترین لوگ بھی تو مشرکین ہی کے بچے تھے (یعنی اُن کے والدین بھی مشرک تھے)۔ خبردار! بچوں کو جنگ کے دوران بھی قتل نہ کیا جائے۔‘‘

3۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے جاں نثار صحابہ رضی اللہ عنہم سے بڑھ کر کون جہاد فی سبیل اللہ کی فضیلت اور ضرورت سے آگاہ ہوگا! لیکن قربان جائیں ان پیکرانِ اطاعت و محبت پر، انہوں نے کس حد تک حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اس حکم کی تعمیل کی اور جنگ کے دوران کس قدر احتیاط سے کام لیا۔ اس کی ایک خوبصورت مثال ملاحظہ ہو۔

حضرت عطیہ قرظی رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں :

کُنْتُ فِيْمَنْ حَکَمَ فِيْهِمْ سَعْدُ بْنُ مُعَاذٍ، فَشَکُّوْا فِيَّ أَمِنَ الذُّرِّيَةِ أَنَا أَمْ مِنَ الْمُقَاتِلَةِ؟ فَنَظَرُوْا إِلَی عَانَتِي فَلَمْ يَجِدُوْهَا نَبَتَتْ، فَأُلْقِيْتُ فِي الذُّرِّيَةَ، وَلَمْ أُقْتَلْ.

1. ابن حبان، الصحيح، کتاب السير، باب الخروج وکيفية الجهاد، 11 : 109، رقم : 4788
2. عبد الرزاق، المصنف، 10 : 179، رقم : 18742
3. طبراني، المعجم الکبير، 17 : 164، رقم : 434
4. بيهقي، السنن الکبریٰٰ، 6 : 166، رقم : 11098

’’میں بذاتِ خود ان لوگوں میں شامل تھا جن کے بارے میں دورانِ جنگ حضرت سعد بن معاذ رضی اللہ عنہ نے فیصلہ کیا تھا کہ ان کے ساتھ کیا سلوک کیا جائے؟ تو اُنہوں نے میرے بارے میں شک کیا کہ آیا میں بچوں میں شامل ہوں یا لڑائی کرنے والوں میں؟ لہٰذا اُنہوں نے میرے جسم پر بلوغت کے بال تلاش کئے جو ابھی اُگے بھی نہ تھے۔ تو مجھے بچوں میں شمار کر لیا گیا اور میں قتل ہونے سے بچ گیا۔‘‘

دوران جنگ غیر مسلم عورتوں، بچوں اور ضعیفوں کو قتل کرنے کی ممانعت سے متعلق مندرجہ احکامات کی روشنی میں جلیل القدر فقیہ احناف امام سرخسی رحمۃ اللہ علیہ اپنی شہرہ آفاق کتاب ’’المبسوط‘‘ میں اپنا نقطہ نظر یوں بیان کرتے ہیں :

قال صلی الله عليه وآله وسلم : ولا تقتلوا وليدا والوليد المولود فی اللغة وکل آدمی مولود، ولکن هذا اللفظ إنما يستعمل فی الصغار عادة. ففيه دليل علی أنه لا يحل قتل الصغار منهم، إذا کانوا لا يقاتلون. وقد جاء فی الحديث أن النبی صلی الله عليه وآله وسلم نهی عن قتل النساء والولدان. وقال : اقتلوا شيوخ المشرکين، واستحيوا شروخهم. والمراد بالشيوخ البالغين وبالشروخ الأتباع من الصغار والنساء والإستحياء الاسترقاق. قال اﷲ : ﴿وَاسْتَحْيُوْا نِسَآءَ هُمْ﴾.(1) وفي وصية أبی بکر رضی الله عنه ليزيد بن أبی سفيان : لا تقتل شيخا ضرعا ولا صبيا ضعيفا، يعنی شيخا فانيا و صغيرًا لا يقاتل.(2)

(1) مؤمن، 40 : 25
(2) سرخسی، کتاب المبسوط، 10 : 5، 6

’’حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا : بچوں کو قتل نہ کرو، ولید لغت میں مولود کے معنی میں ہے۔ یوں تو ہر انسان مولود ہے مگر عادتاً اس لفظ کا استعمال چھوٹے بچوں کے لئے ہوتا ہے۔ یہ فرمانِ نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اس بات کی دلیل ہے کہ بچوں کا قتل جائز نہیں (خاص طور پر) جبکہ وہ قتال میں شریک ہی نہ ہوں۔ حدیث مبارکہ میں آیا ہے کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے عورتوں اور بچوں کو قتل کرنے سے منع کیا اور فرمایا : (حربی) مشرکین میں سے جو بالغ ہیں (صرف حالتِ جنگ میں) اُنہیں قتل کرو لیکن عورتوں اور بچوں کو (پھر بھی) زندہ رہنے دو۔ شیوخ سے مراد (جنگ میں شریک) بالغ افراد ہیں، شروخ سے مراد بچے اور عورتیں ہیں، استحیاء کا مطلب ہے : نرمی کا برتاؤ کیا جائے جیسا کہ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے : ﴿وَاسْتَحْيُوْا نِسَآءَ هُمْ﴾. اس آیت میں بھی استحیاء نرمی کے برتاؤ کے معنی میں استعمال ہوا ہے۔ حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ نے یزید بن ابی سفیان کو وصیت کرتے ہوئے فرمایا کہ وہ کسی شیخ فانی (عمر رسیدہ یا قریب المرگ بوڑھے) اور ناتواں بچے کو ہرگز قتل نہ کرے۔‘‘

3۔ غیر مسلم بوڑھوں کے قتل کی ممانعت

اسلام کے قوانین جہاد کے تحت دورانِ جنگ ضعیف العمر بوڑھوں کو بھی قتل کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ اِس اصول کی صراحت درج ذیل احادیثِ نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوتی ہے۔

1۔ امام ابو داؤد حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے ہیں کہ رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا :

وَلَا تَقْتُلُوا شَيْخًا فَانِيًا وَلَا طِفْلًا وَلَا صَغِيرًا وَلَا امْرَأَةً.

1. أبو داؤد، السنن، کتاب الجهاد، باب دعاء المشرکين، 3 : 37، رقم : 2614
2. ابن أبي شيبة، المصنف، 6 : 483، رقم : 33118
3. بيهقي، السنن الکبریٰ، 9 : 90، رقم : 17932

’’نہ کسی بوڑھے کو قتل کرو، نہ شیر خوار بچے کو، نہ نابالغ کو اور نہ عورت کو۔‘‘

2۔ امام ابن ابی شیبہ حضرت ضحاک سے روایت کرتے ہیں :

کَانَ صلی الله عليه وآله وسلم يَنْهَی عَنْ قَتْلِ الْمَرْأَةِ وَالشَّيْخِ الْکَبِيْرِ.

ابن أبي شيبة، المصنف، 6 : 484، رقم : 33133

’’حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم عورتوں اور عمر رسیدہ افراد کو قتل کرنے سے منع فرمایا کرتے تھے۔‘‘

3۔ امام ابن ابی شیبہ حضرت راشد بن سعد سے روایت کرتے ہیں :

نَهَی رَسُوْلُ اﷲِ صلی الله عليه وآله وسلم عَنْ قَتْلِ النِّسَاءِ وَالذُّرِّيَةِ وَالشَّيْخِ الْکَبِيْرِ الَّذِي لَا حِرَاکَ بِهِ.

ابن أبي شيبة، المصنف، 6 : 484، رقم : 33135

’’حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے عورتوں، بچوں اور عمر رسیدہ افراد۔ جن میں کوئی سکت نہ ہو۔ کو قتل کرنے سے منع فرمایا۔‘‘

4۔ سیدنا علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ سے مروی حدیث نبوی کو امام بیہقی نے بیان کیا ہے جس میں مندرجہ بالا طبقات کا اکٹھا اور قدرے تفصیل سے ذکر کیا گیا ہے۔ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جب اسلامی لشکر کو مشرکین کی طرف روانہ فرماتے تو یوں ہدایات دیتے :

ولا تقتلوا وليدا طفلا، ولا امرأة، ولا شيخا کبيرا، ولا تغورن عينا، ولا تعقرن شجرة إلا شجرا يمنعکم قتالا، ولا تمثلوا بآدمی ولا بهيمة، ولا تغدروا ولا تغلوا.

بيهقی، السنن الکبریٰٰ، 9 : 90، رقم : 17934

’’کسی بچے کو قتل نہ کرنا، کسی عورت کو قتل نہ کرنا، کسی بوڑھے کو قتل نہ کرنا، چشموں کو خشک و ویران نہ کرنا، جنگ میں حائل درختوں کے سوا کسی دوسرے درخت کو نہ کاٹنا، کسی انسان کا مثلہ نہ کرنا، کسی جانور کا مُثلہ نہ کرنا، بدعہدی نہ کرنا اور چوری و خیانت نہ کرنا۔‘‘

5۔ حضرت جبیر بن نفیل روایت کرتے ہیں :

مر رجل بثوبان، فقال : أين تريد؟ قال : أريد الغزو فی سبيل اﷲ. قال : ولا تغلل إن غنمت، ولا تقتلن شيخا کبيرا، ولا صبيا صغيرا. فقال له الرجل : ممن سمعت هذا؟ قال : من رسول اﷲ صلی الله عليه وآله وسلم .

ابن عساکر، تاريخ دمشق الکبير، 27 : 404

’’ایک شخص ثوبان رضی اللہ عنہ کے پاس سے گزر رہا تھا۔ پس انہوں نے پوچھا : کہاں کا ارادہ ہے؟ اس نے جواب دیا : جہاد پر روانہ ہو رہا ہوں۔ انہوں نے فرمایا : اگر تجھے مالِ غنیمت حاصل ہو تو اس میں خیانت نہ کرنا، کسی بوڑھے شخص کو قتل نہ کرنا اور نہ کسی بچے کو قتل کرنا۔ اس شخص نے کہا : آپ نے یہ کہاں سے سنا؟ تو انہوں نے فرمایا : رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے۔‘‘

4۔ غیر مسلم مذہبی رہنماؤں کے قتل کی ممانعت

اسلام میں دوران جنگ اور فتوحات کے بعد غیر مسلم مذاہب کے رہنماؤں کے قتل کی بھی ممانعت ہے۔

1۔ امام احمد بن حنبل رحمۃ اللہ علیہ حضرت ابن عباس رضي اﷲ عنھما سے روایت کرتے ہیں کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جب اسلامی لشکروں کو جہاد پر روانہ کرتے تو انہیں واضح طور پر یہ ہدایات فرمایا کرتے تھے :

أخرُجُوْا بِسْمِ اللّٰهِ، تُقَاتِلُوْنَ فِي سَبِيْلِ اللّٰهِ، مَنْ کَفَرَ بِاللّٰهِ لَا تَغْدُرُوْا وَلَا تَغُلُّوْا وَلَا تُمَثِّلُوْا وَلَا تَقْتُلُوا الْوِلْدَانَ وَلَا أَصْحَابَ الصَّوَامِعِ.

احمد بن حنبل، المسند، 5 : 358، رقم : 2728

’’اﷲ کا نام لے کر روانہ ہو جاؤ، تم اﷲ کی راہ میں اس کے ساتھ کفر کرنے والوں کے خلاف جنگ کرنے جارہے ہو، اس دوران بدعہدی نہ کرنا، چوری و خیانت نہ کرنا، مُثلہ نہ کرنا، بچوں کو قتل نہ کرنا اور راہبوں کو قتل نہ کرنا۔‘‘

2۔ ابن ابی شیبہ، حضرت ابن عباس رضی اﷲ عہنما سے ایک اور روایت ان الفاظ کے ساتھ بیان کرتے ہیں۔ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جب اپنے لشکروں کو روانہ کرتے تو فرماتے :

لَا تَقْتُلُوا أَصْحَابَ الصَّوَامِعِ.

1. ابن أبي شيبة، المصنف، 6 : 484، رقم : 33132
2. أبو يعلی، المسند، 5 : 59، رقم : 2650
3. طحاوي، شرح معاني الآثار، 3 : 225
4. ديلمي، مسند الفردوس، 5 : 45، رقم : 7410

’’کلیساؤں کے متولیوں (یعنی پادریوں) کو قتل نہ کرنا۔‘‘

3۔ امام ابن ابی شیبہ حضرت ثابت بن حجاج کلابی سے روایت کرتے ہیں کہ حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ لوگوں کے درمیان کھڑے ہوئے، اللہ تعالیٰ کی حمد و ثناء کی اور پھر فرمایا :

أَ لَا! لَا يُقْتَلُ الرَّاهِبُ فِي الصَّوْمَعَةِ.

ابن أبي شيبة، المصنف، 6 : 483، رقم : 33127

’’خبردار! عبادت گاہوں میں موجود (غیر متحارب) پادری کو قتل نہ کیا جائے۔‘‘

4۔ امام بیہقی حضرت سعید بن المسیب رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے ہیں کہ حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ جب اسلامی لشکروں کو جہاد کی مہم پر روانہ کرتے تو انہیں بطور وصیت فرماتے :

ولا تغرقن نخلا، ولا تحرقنها، ولا تعقروا بهيمة، ولا شجرة تثمر، ولا تهدموا بيعة، ولا تقتلوا الولدان، ولا الشيوخ، ولا النساء، وستجدون أقواما حبسوا أنفسهم فی الصوامع فدعوهم، وما حبسوا أنفسهم له.

بيهقی، السنن الکبریٰ، 9 : 85، رقم : 17904

’’کھجور کے باغات کو تباہ و برباد کرنا نہ اُنہیں جلانا، نہ کسی چوپائے کو ذبح کرنا، نہ کسی پھل دار درخت کو کاٹنا، نہ کوئی گرجا گرانا، نہ بچوں کو قتل کرنا نہ بوڑھوں کو، نہ عورتوں کو۔ عنقریب تم ایسے لوگوں کو پاؤ گے جنہوں نے اپنے آپ کو عبادت گاہوں میں پابند کر رکھا ہوگا، پس تم انہیں اور جس چیز کے لئے انہوں نے اپنے آپ کو پابند کر رکھا ہے، چھوڑ دینا۔‘‘

5۔ اسی طرح کی دوسری روایت حضرت صالح بن کیسان سے مروی ہے جسے امام بیہقی نے روایت کیا ہے۔ حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ نے شام کی طرف لشکر روانہ کرتے ہوئے فرمایا :

إنکم ستجدون أقواما قد حبسوا أنفسهم فی هذه الصوامع، فاترکوهم وما حبسوا له أنفسهم، ولا تقتلوا کبيرا هرما، ولا امرأة، ولا وليدا، ولا تخربوا عمرانا، ولا تقطعوا شجرة إلا لنفع، ولا تعقرن بهيمة إلا لنفع، ولا تحرقن نخلا ولا تغرقنه، ولا تغدر، ولا تمثل، ولا تجبن، ولا تغلل.

بيهقی، السنن الکبریٰ، 9 : 90، رقم : 17929

’’بے شک تم عنقریب ایسے لوگوں کو پاؤ گے جنہوں نے ان عبادت گاہوں میں اپنے آپ کو روک رکھا ہوگا، پس تم انہیں اور جس چیز کے لئے انہوں نے اپنے آپ کو روک رکھا ہے، کو چھوڑ دینا۔ اور شیخ فانی (ضعیف، عمر رسیدہ یا قریب المرگ شخص)، عورت اور بچے کو قتل نہ کرنا اور آبادی کو ویران نہ کرنا۔ بلا ضرورت درخت نہ کاٹنا اور نہ چوپائے کو ذبح کرنا اور کھجوروں کے باغات نہ جلانا اور نہ انہیں تباہ و برباد کرنا اور نہ غداری کرنا، نہ مُثلہ کرنا، نہ بزدلی کرنا اور نہ مال غنیمت کی تقسیم میں دھوکہ بازی کرنا۔‘‘

اِن واضح احکامات میں جہاں غیر مسلموں کے مذہبی رہنماؤں کو قتل کرنے کی ممانعت ہیں، وہاں اُن لوگوں کے خود ساختہ مذہبی تصورات اور نام نہاد جہاد کی کیا تعریف کی جائے گی جو مسلمان علماء و مشائخ کا قتل، مخالف مسلک کی مساجد کو تباہ کرنے اور مزارات و خانقاہوں کو گرانا نہ صرف جائز سمجھتے ہیں بلکہ اس کا علی الاعلان ارتکاب بھی کرتے ہیں۔ لیکن اس کے باوجود خود کو سنت کے پیروکار اور دوسروں کو بدعتی قرار دیتے ہیں۔

5۔ غیر مسلم تاجروں اور کاشت کاروں کے قتل کی ممانعت

اسلام دوران جنگ اور فتوحات کے بعد غیر مسلم معاشرے کے تاجروں (businessmen & traders) اور کاشت کاروں (farmers) کے قتل کا بھی صریح مخالف ہے کیونکہ ان کے ساتھ انسانی آبادیوں کی معیشت وابستہ ہے۔ اس کی وضاحت درج ذیل احادیث سے ہوتی ہے۔

1۔ امام ابن ابی شیبہ اور امام بیہقی حضرت جابر بن عبد اللہ رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے ہیں :

کَانُوْا لَا يَقْتُلُوْنَ تُجَّارَ الْمُشْرِکِيْنَ.

1. ابن أبي شيبة، المصنف، 6 : 484، رقم : 33129
2. بيهقي، السنن الکبریٰ، 9 : 91، رقم : 17939
3. ابن آدم القرشي، الخراج، 1 : 52، رقم : 133

’’مسلمان کبھی بھی مشرک تاجروں کو قتل نہیں کرتے تھے۔‘‘

2۔ امام ابن ابی شیبہ حضرت زید بن وہب سے بیان کرتے ہیں کہ اُن کے پاس حضرت عمر رضی اللہ عنہ کا خط آیا جس میں آپ رضی اللہ عنہ نے فرمایا تھا :

لَا تَغُلُّوْا وَلَا تَغْدِرُوْا، وَلَا تَقْتُلُوْا وَلِيْدًا، وَاتَّقُوا اﷲَ فِی الْفَلَّاحِيْنَ.

1. ابن أبي شيبة، المصنف، 6 : 483، رقم : 33120
2. ابن آدم القرشي، کتاب الخراج، 1 : 52، رقم : 132

’’مال غنیمت کی تقسیم میں دھوکہ نہ کرو، نہ غداری کرو، نہ بچوں کو قتل کرو۔ اور کسانوں کے معاملہ میں اللہ تعالیٰ سے ڈرو۔‘‘

امام بیہقی کی بیان کردہ روایت کے الفاظ یہ ہیں :

اتَّقُوْا اﷲَ فِي الْفَلَّاحِيْنَ، فَلَا تَقْتُلُوْهُمْ.

بيهقي، السنن الکبریٰ، 9 : 91، رقم : 17938

’’کسانوں کے معاملہ میں اللہ تعالیٰ سے ڈرو، سو انہیں قتل نہ کرو۔‘‘

3۔ علامہ ابن القیم نے آپ رضی اللہ عنہ کے حوالے سے یہ قول بھی نقل کیا ہے :

فإنّ أصحاب النبی صلی الله عليه وآله وسلم لم يقتلوهم حين فتحوا البلاد، ولأنّهم لا يقاتلون، فاشبهوا الشيوخ والرهبان.

ابن القيم، أحکام أهل الذمة، 1 : 165

’’صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کا یہ معمول تھا کہ وہ کسی علاقے کو فتح کرلینے کے بعد ان لوگوں (زراعت پیشہ افراد) کو قتل نہ کرتے کیونکہ وہ براہ راست جنگ میں شریک نہ ہوتے تھے، پس وہ بوڑھوں اور مذہبی پیشواؤں کے حکم میں ہوتے تھے۔‘‘

4۔ امام اوزاعی نے بھی یہی فرمایا ہے :

لا يقتل الحرّاث إذا عُلِمَ أنّه ليس مِنَ المقاتلة.

ابن القيم، أحکام أهل الذمة، 1 : 165

’’دوران جنگ زراعت پیشہ افراد کو قتل نہیں کیا جائے گا، اگر یہ معلوم ہو کہ وہ جنگ میں عملاً شریک نہیں۔‘‘

5۔ ابن قدامہ المقدسی نے بھی یہی قول اختیار کیا ہے :

فأمّا الفلّاح الذی لا يقاتل فينبغی ألّا يُقْتَلَ، لما رُوِيَ عن عمر بن الخطّاب رضی الله عنه أنّه قال : اتّقوا اﷲ في الفلّاحين، الذين لا ينصبون لکم في الحرب.

ابن قدامة، المغني، 9 : 251

’’ان کسانوں اور مزارعوں کو قتل کرنا جائز نہیں جو جنگ میں عملاً شریک نہ ہوں، کیونکہ حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ آپ رضی اللہ عنہ نے فرمایا : ان کسانوں اور مزارعوں کی نسبت اﷲ سے ڈرو جو دوران جنگ تمہارے خلاف لڑتے نہیں۔‘‘

6۔ غیر مسلم خدمت پیشہ افراد کے قتل کی ممانعت

اسلام کے دیے گئے قوانین جہاد میں دورانِ جنگ خدمت پر مامور افراد کے قتل کو بھی ممنوع قرار دیا گیا ہے۔

امام احمد بن حنبل، امام ابو داؤد، امام نسائی، امام ابن ماجہ اور امام حاکم نے حضرت رباح بن ربیع رضی اللہ عنہ سے مروی حدیث بیان کی ہے، وہ فرماتے ہیں :

کُنَّا مَعَ رَسُوْلِ اﷲِ صلی الله عليه وآله وسلم فِي غَزْوَةٍ، فَرَأَی النَّاسَ مُجْتَمِعِيْنَ عَلَی شَيئٍ، فَبَعَثَ رَجُلًا فَقَالَ : انْظُرْ عَلٰی مَا اجْتَمَعَ هؤُلَاء؟ فَجَاءَ، فَقَالَ : عَلَی امْرَأَةٍ قَتِيْلٍ. فَقَالَ : مَا کَانَتْ هَذِهِ لِتُقَاتِلَ. قَالَ : وَعَلَی الْمُقَدَّمَةِ خَالِدُ بْنُ الْوَلِيْدِ. فَبَعَثَ رَجُلًا فَقَالَ : قُلْ لِخَالِدٍ : لَا يَقْتُلَنَّ امْرَأَةً وَلَا عَسِيْفًا. وفي رواية : لَا تَقْتُلَنَّ ذُرِّيَةً وَلَا عَسِيْفًا.

1. أبو داؤد، السنن،کتاب الجهاد، باب في قتل النساء، 3 : 53، رقم : 2669
2. ابن ماجه، السنن،کتاب الجهاد، باب الغارة والبيات وقتل النساء والصبيان، 2 : 948، رقم : 2842
3. أحمد بن حنبل، المسند، 3 : 488، رقم : 16035
4. نسائي، السنن الکبریٰٰ، 5 : 186 - 187، رقم : 8625، 8627
5. حاکم، المستدرک، 2 : 133، رقم : 2565

’’ایک غزوہ میں ہم حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ تھے کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے دیکھا کہ بہت سے لوگ کسی چیز کے پاس جمع ہیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ایک آدمی کو یہ دیکھنے کے لئے بھیجا کہ لوگ کس چیز کے پاس جمع ہوئے ہیں۔ اُس نے آکر بتایا : ایک مقتول عورت کے پاس۔ فرمایا : یہ عورت تو جنگ نہیں کرتی تھی۔ حضرت رباح رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ اگلے دستے کے کمانڈر حضرت خالد بن ولید تھے۔ لہٰذا آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ایک آدمی کو بھیجا اور فرمایا : خالد سے کہنا : (مشرکین کی) عورتوں اور لوگوں کی خدمت کرنے والوں کو ہرگز قتل مت کرنا۔‘‘ ایک روایت میں ہے : ’’بچوں اور خدمت گاروں کو ہرگز قتل مت کرنا۔‘‘

یہاں تک کہ مفتوحہ علاقے کے غیر مسلم افراد کے گھروں میں کام کاج کرنے والے غیر مسلم ملازمین کو بھی نہ قتل کیا جاسکتا ہے، نہ ہی ان پر کسی قسم کا ٹیکس عائد کیا جا سکتا ہے۔ ان لوگوں کے معاملہ میں یہی شرعی حکم ہے، اسی بات کو علامہ ابن القیم نے عبد اﷲ بن عمر رضی اللہ عنہ کے حوالے سے بیان کیا ہے :

إنّ العبد محقون الدم فأشبه النساء والصبيان.

ابن القيم، احکام أهل الذّمة، 1 : 172

’’گھروں میں کام کاج کرنے والے خدمت گار بھی عورتوں اور بچوں کی طرح محفوظ الدم ہیں۔‘‘

اور اسی طرح ابن المنذر نے تمام اہلِ علم کا اجماع نقل کیا ہے کہ غیر مسلموں کے بوڑھوں، بیماروں، محتاجوں، عورتوں، بچوں اور بے روزگار افراد کی طرح ان کے زیردست ملازموں پر بھی کوئی ٹیکس عائد نہیں ہو گا۔

ابن القيم، أحکام أهل الذّمة، 1 : 172

7۔ غیر محارب غیر مسلموں کے قتل کی ممانعت

اسلام انسانی خون کو کعبۃ اﷲ کی حرمت سے زیادہ فضیلت کا سزاوار سمجھتا ہے، دورانِ جنگ بھی خون ناحق کی مذمت کی گئی ہے۔ دورانِ جنگ صرف انہی دشمنوں کو قتل کرنے کی اجازت ہے جو عملًا جنگ میں شریک ہوں جبکہ آبادی کا غیر محارب حصہ۔ جس میں بیمار، معذور، گوشہ نشین افراد، بچے، بوڑھے اور عورتیں شامل ہیں۔ قتال کی اجازت سے مستثنیٰ ہے۔ فتحِ مکہ کے موقع پر حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے جو ہدایات جاری فرمائیں ان میں مذکور ہے کہ جو مقابلہ نہ کرے، جان بچا کر بھاگ جائے، اپنا دروازہ بند کرلے یا زخمی ہو اس پر حملہ نہ کیا جائے۔

1۔ امام مسلم حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے ہیں کہ فتح مکہ کے دن حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا :

مَنْ دَخَلَ دَارَ أَبِي سُفْيَانَ فَهُوَ آمِنٌ، وَمَنْ أَلْقَی السِّلَاحَ فَهُوَ آمِنٌ، وَمَنْ أَغْلَقَ بَابَهُ فَهُوَ آمِنٌ.

1. مسلم، الصحيح، کتاب الجهاد والسير، باب فتح مکة، 3 : 1407، رقم : 1780
2. أبو داؤد، السنن، کتاب الخراج والإمارة والفيء، باب ما جاء في خبر مکة، 3 : 162، رقم : 3021
3. بزار، المسند، 4 : 122، رقم : 1292

’’جو شخص ابو سفیان کے گھر میں داخل ہو جائے گا اُسے امان ہے، جو شخص ہتھیار پھینک دے اُسے امان ہے اور جو شخص اپنے گھر کے دروازے بند کر لے اُسے بھی امان ہے۔‘‘

ان تمام اقدامات سے امن کا عزم اور پیغام ظاہر ہوتا ہے۔

2۔ مصنف عبد الرزاق میں روایت ہے کہ حضرت علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ فرمایا کرتے تھے :

لَا يُذَفَّفُ عَلَی جَرِيْح، وَلَا يُقْتَلُ أَسِيْرٌ، وَلَا يُتْبَعُ مُدْبِرٌ.

عبد الرزاق، المصنف، 10 : 123، رقم : 18590

’’زخمی کو فوراً قتل نہ کیاجائے، نہ قیدی کو قتل کیا جائے اور نہ بھاگنے والے کا تعاقب کیا جائے۔‘‘

3۔ مصنف عبد الرزاق کی ایک اور روایت میں حضرت جویبر بیان کرتے ہیں کہ انہیں بنو اسد کی ایک عورت نے بتایا کہ اُس نے حضرت عمار کو حضرت علی رضی اللہ عنہ کے جنگ جمل سے فارع ہونے کے بعد یہ اعلان کرتے ہوئے سنا :

ولا تذففوا علی جريح، ولا تدخلوا دارا، من ألقی السلاح فهو آمن، ومن أغلق بابه فهو آمن.

عبد الرزاق، المصنف، 10 : 124، رقم : 18591

’’زخمی کو فوراً قتل نہ کرنا اور کسی گھر میں داخل نہ ہونا، جس نے اپنا اسلحہ پھینک دیا اُسے امان ہے اور جس نے اپنا دروازہ بند کر لیا وہ بھی مامون ہے۔‘‘

8۔ غیر مسلموں کے خلاف شب خون مارنے کی ممانعت

اسلامی قوانین جنگ میں ایک ضابطہ اخلاق یہ بھی ہے کہ رات کے وقت دشمن پر حملہ نہیں کیا جائے گا بلکہ صبح ہونے کا انتظار کیا جائے گا تاکہ غیر حربی (non combatant) لوگ۔ عورتیں، بوڑھے، مریض اور بچے۔ اچانک پریشان نہ ہوں اور انہیں کوئی گزند نہ پہنچے۔

صحیح بخاری اور صحیح مسلم میں حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے :

أَنَّ رَسُولَ اﷲِ صلی الله عليه وآله وسلم أَتَی خَيْبَرَ لَيْلًا، وَکَانَ إِذَا أَتَی قَوْمًا بِلَيْلٍ لَمْ يُغِرْ بِهِمْ حَتَّی يُصْبِحَ.

1. بخاري، الصحيح،کتاب المغازي، باب غزوة خيبر، 4 : 1538، رقم : 3961
2. مسلم، الصحيح،کتاب الجهاد والسير، باب غزوة خيبر، 3 : 1427، رقم : 1365
3. ترمذي، السنن،کتاب السير، باب البيات والغارات، 4 : 121، رقم : 1550

’’رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم رات کے وقت خیبر کے مقام پر پہنچے۔ چنانچہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا معمول تھا کہ جب کسی جگہ رات کو پہنچتے تو صبح ہونے تک ان لوگوں پر حملہ نہیں کیا کرتے تھے۔‘‘

اس نبوی ضابطۂ جنگ کو سامنے رکھ کر دہشت گردوں کی ان کارروائیوں کا تصور کریں جو اچانک ہنستی بستی آبادیوں کو کھنڈرات میں بدل دیتے ہیں اور بیٹھے بٹھائے سیکڑوں لوگ موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔

9۔ غیر مسلموں کو آگ میں جلانے کی ممانعت

عہد جاہلیت میں لڑائی کے دوران اس قدر وحشیانہ افعال سرزد ہوتے تھے کہ شدتِ انتقام میں دشمن کو زندہ جلا دیا جاتا تھا۔ چنانچہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے جنگی قوانین میں بے شمار اصلاحات کے ساتھ ساتھ آگ میں جلانے جیسی وحشیانہ حرکت سے بھی منع فرما دیا۔

حضرت عبد الرحمن بن عبد اﷲ نے اپنے والد سے روایت کیا ہے کہ ایک سفر میں وہ رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ تھے۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم قضائے حاجت کے لئے تشریف لے گئے تو انہوں نے ایک چڑیا دیکھی جس کے ساتھ دو بچے تھے۔ انہوں نے اس کے بچے پکڑ لیے تو چڑیا اضطراب اور پریشانی میں پَر بچھانے لگی۔ جب حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم واپس تشریف لائے آئے تو فرمایا :

مَنْ فَجَعَ هَذِهِ بِوَلَدِهَا؟ رُدُّوا وَلَدَهَا إِلَيْهَا.

 أبو داود، السنن، کتاب الجهاد، باب کراهية حرق العدو بالنار، 3 : 55، رقم : 2675

’’اسے اس کے بچوں کی وجہ سے کس نے تڑپایا ہے؟ اس کے بچے اسے لوٹا دو۔‘‘

پھر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے چیونٹیوں کا ایک بل دیکھا جسے جلایا گیا تھا۔ تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اِس کی ممانعت بیان کرتے ہوئے ارشاد فرمایا :

إِنَّهُ لَا يَنْبَغِي أَنْ يُعَذِّبَ بِالنَّارِ إِلَّا رَبُّ النَّارِ.

 أبو داود، السنن، کتاب الجهاد، باب کراهية حرق العدو بالنار، 3 : 55، رقم : 2675

’’آگ کے ساتھ عذاب دینا آگ کے رب کے علاوہ کسی کے لئے جائز نہیں ہے۔‘‘

اسلام نے جہاں چیونٹی جیسی مخلوق کو آگ میں جلانے سے منع کیا ہے تو وہاں انسانوں کو جلانے کی اجازت کس طرح دی جاسکتی ہے؟ اسی طرح حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے جہادی مہمات پر روانہ کرتے ہوئے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کو تاکید فرمائی کہ دشمن کو آگ میں جلا کر ہلاک نہ کرنا۔(1) مگر حالیہ بم دھماکوں اور خود کش حملوں میں عوامی مقامات، مساجد اور دفاتر میں لوگ آگ میں جل کر راکھ ہوتے ہیں؛ بچوں، بوڑھوں اور عورتوں کے جسم ٹکڑے ٹکڑے ہو کر ہوا میں منتشر ہو جاتے ہیں لیکن تعجب تو یہ ہے کہ اس قدر بہیمانہ قتل کے بعد کوئی نام نہاد مسلمانوں کا گروہ اس کی ذمہ داری قبول کر لیتا ہے۔ جس سے دنیا میں یہ پیغام جاتا ہے کہ مسلمانوں کا تصور جہاد (نعوذ باﷲ) اس قدر ظالمانہ اور بہیمانہ ہے جبکہ حقیقت اس سے قطعاً مختلف ہے۔

1. بخاری، الصحيح، کتاب الجهاد و السير، باب لا يعذب بعذاب اﷲ، 3 : 1098، رقم : 2853
2. ترمذی، السنن، کتاب السير، باب : (20)، 4 : 137، رقم : 1571
3. أبو داود، السنن، کتاب الجهاد، باب کراهية حرق العدو بالنار، 3 : 54، رقم : 2674

10۔ دشمنوں کے گھروں میں گھسنے اور لوٹ مار کرنے کی ممانعت

مسلم فوج کو بلااجازت دشمنوں کے گھروں میں داخل ہونے کی بھی اجازت نہیں دی گئی۔ حالت جنگ میں بھی اسلام نے چادر اور چار دیواری کے تحفظ پر زور دیا، عورتوں اور بچوں کو مارنے پیٹنے کی بھی اجازت نہیں اور بلاقیمت کوئی چیز لے کر کھانا بھی ممنوع ہے۔

1۔ سنن ابی داؤد میں مروی ہے کہ حضرت عرباض بن ساریہ سلمی رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں : ہم حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ خیبر کے مقام پر اترے اور کتنے ہی صحابہ کرام رضی اللہ عنہم آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ تھے۔ خیبر کا سردار ایک مغرور اور سرکش آدمی تھا۔ اس نے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں حاضر ہوکر کہا : کیا آپ کے لیے مناسب ہے کہ آپ ہمارے گدھوں کو ذبح کریں، ہمارے پھلوں کو کھائیں اور ہماری عورتوں کو پیٹیں؟ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ناراض ہوئے اور فرمایا : اے ابن عوف! اپنے گھوڑے پر سوار ہو کر یہ منادی کردو کہ جنت حلال نہیں ہے مگر ایمان والے کے لیے اور نماز کے لیے جمع ہوجاؤ۔ راوی کا بیان ہے کہ لوگ جمع ہوگئے تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے انہیں نماز پڑھائی۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کھڑے ہوئے اور فرمایا :

أَيَحْسَبُ أَحَدُکُمْ مُتَّکِئًا عَلَی أَرِيکَتِهِ قَدْ يَظُنُّ أَنَّ اﷲَ لَمْ يُحَرِّمْ شَيْئًا إِلَّا مَا فِي هَذَا الْقُرْآنِ؟ أَلَا وَإِنِّي وَاﷲِ قَدْ وَعَظْتُ وَأَمَرْتُ وَنَهَيْتُ عَنْ أَشْيَاءَ إِنَّهَا لَمِثْلُ الْقُرْآنِ أَوْ أَکْثَرُ. وَإِنَّ اﷲَ عزوجل لَمْ يُحِلَّ لَکُمْ أَنْ تَدْخُلُوا بُيُوتَ أَهْلِ الْکِتَابِ إِلَّا بِإِذْنٍ، وَلَا ضَرْبَ نِسَائِهِمْ، وَلَا أَکْلَ ثِمَارِهِمْ.

1. أبو داود، السنن، کتاب الخراج والإمارة والفيء، باب في تعشير أهل الذمة إذا اختلفوا بالتجارات، 3 : 170، رقم : 3050
2. بيهقي، السنن الکبریٰٰ، 9 : 204، رقم : 18508
3. ابن عبد البر، التمهيد، 1 : 149

’’کیا تم میں سے کوئی اپنی مسند پر ٹیک لگا کر یہ سمجھتا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے کوئی چیز حرام قرار نہیں دی مگر وہی جس کا ذکر قرآن مجید میں ہے۔ آگاہ ہوجاؤ، خدا کی قسم، میں نے نصیحت کرتے ہوئے، حکم دیتے ہوئے اور بعض چیزوں سے منع کرتے ہوئے جو کچھ بھی کہا ہے وہ قرآن کی طرح ہے بلکہ ان کی تعداد قرآنی امور سے زیادہ ہے۔ اللہ تعالیٰ نے تمہارے لیے یہ جائز نہیں رکھا ہے کہ اہل کتاب کی اجازت کے بغیر ان کے گھروں میں داخل ہو، نیز ان کی عورتوں کو پیٹنا اور ان کے پھلوں کو کھانا بھی حلال نہیں ہے۔‘‘

2۔ اسلام سے قبل دورِ کفر و جاہلیت میں محض مال و دولت کے حصول کے لئے بھی عرب جنگجو لڑائی چھیڑ دیا کرتے تھے۔ تجارتی قافلوں کو لوٹنا بعض قبائل کا معمول بن چکا تھا لیکن اسلام نے اس زیادتی کو سختی سے ختم کر دیا۔ ایک غزوہ میں چند لوگوں نے مسافروں کو لوٹنا چاہا تو حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے انہیں سختی سے منع کر دیا۔

حضرت معاذ بن انس رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ ایک غزوہ میں حضور رحمت عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ہمراہ شرکت کی سعادت نصیب ہوئی۔ بعض لوگوں نے دوسروں کے راستے کو تنگ کیا اور راہ چلتے مسافروں کو لوٹنا شروع کر دیا۔ آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو معلوم ہوا تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ایک صحابی کو بھیج کر اعلان کروایا :

أَنَّ مَنْ ضَيَقَ مَنْزِلًا أَوْ قَطَعَ طَرِيقًا فَلَا جِهَادَ لَهُ.

 أبو داود، السنن، کتاب الجهاد، بَابُ مَا يُؤْمَرُ مِنْ انْضِمَامِ الْعَسْکَرِ وَسَعَتِه، 3 : 41، رقم : 2629

’’جو شخص دوسروں کو گھروں میں گھس کر تنگ کرے یا راستوں میں لوٹ مار کرے اس کا یہ (دہشت گردانہ) عمل جہاد نہیں کہلائے گا۔‘‘

گویا اﷲ کی راہ میں لڑنے والے اگر لوٹ مار کرنے اور گھروں میں گھس کر لوگوں کو ہراساں کرنے لگیں، عوام الناس کے لئے ان کا عمل باعث آزار بننے لگے تو راہ حق میں جانیں قربان کرنے کا عظیم جذبہ بھی بارگاہ خداوندی میں مسترد کر دیا جائے گا اور یہ عمل جہاد نہیں بلکہ فعل حرام قرار پائے گا۔

11۔ دشمن کے مویشیوں، فصلوں اور اَملاک کو نقصان پہنچانے کی ممانعت

اسلام نہ خونِ ناحق کی اجازت دیتا ہے اور نہ دشمن کی سرزمین پر کھلی تباہی و بربادی کا خواہاں ہے۔ اسلام امن اور اصلاح کا داعی ہے اس لئے حالتِ جنگ میں بھی اس بات کا خیال رکھا جاتا ہے کہ نہ کھیتیاں برباد ہوں، نہ پھل دار درخت کاٹے جائیں اور نہ املاک کو نذرِ آتش کیا جائے۔

1۔ اس حوالے سے امام ترمذی نے حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کا یہ قول نقل کیا ہے :

وَنَهَی أَبُو بَکْرٍ الصِّدِّيقُ أَنْ يَقْطَعَ شَجَرًا مُثْمِرًا أَوْ يُخَرِّبَ عَامِرًا، وَعَمِلَ بِذَلِکَ الْمُسْلِمُونَ بَعْدَهُ.

ترمذی، السنن، کتاب السير، بَابُ فِي التَّحْرِيقِ وَالتَّخْرِيبِ، 4 : 122، رقم : 1552

’’حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ نے (دورانِ جنگ) پھل دار درخت کاٹنے یا عمارت کو تباہ کرنے سے منع فرمایا اور آپ کے بعد بھی مسلمان اسی پر عمل پیرا رہے۔‘‘

2۔ اسی مضمون کی احادیث موطا امام مالک، مصنف عبد الرزاق، مصنف ابن ابی شیبہ اور سنن بیہقی میں آئی ہیں جن میں حضور علیہ الصلوۃ والسلام نے صراحتاً درخت کاٹنے سے منع فرمایا ہے۔

حضرت یحییٰ بن سعید بیان کرتے ہیں کہ انہیں بتایا گیا کہ حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ شام کی طرف کچھ لشکر روانہ کرتے ہوئے یزید بن ابی سفیان کی طرف آئے اور اُسے فرمایا :

إِنِّي أُوْصِيْکَ بِعَشْرٍ : لَا تَقْتُلَنَّ صَبِيًّا وَلَا امْرَأَةً، وَلَا کَبِيْرًا هَرِمًا، وَلَا تَقْطَعَنَّ شَجَرًا مُثْمِرًا، وَلَا تَخْرَبَنَّ عَامِرًا، وَلَا تَعْقَرَنَّ شَاةً، وَلَا بَعِيْرًا إِلَّا لِمَأْکَلَةٍ، وَلَا تُغْرِقَنَّ نَخْلًا، وَلَا تَحْرِقَنَّهُ، وَلَا تَغْلُلْ وَلَا تَجْبُنْ.

1. مالک، الموطأ، کتاب الجهاد، باب النهي عن قتل النساء والولدان في الغزو، 2 : 447، رقم : 965
2. عبد الرزاق، المصنف، 5 : 199، رقم : 9375
3. ابن أبي شيبة، المصنف، 6 : 483، رقم : 33121
4. بيهقي، السنن الکبریٰٰ، 9 : 89، 90، رقم : 17927، 17929
5. مروزی، مسند أبی بکر : 69 - 72، رقم : 21

’’میں تمہیں دس چیزوں کی وصیت کرتا ہوں : کسی بچے، عورت، بوڑھے اور بیمار کو ہرگز قتل نہ کرنا، اور نہ ہی کوئی پھل دار درخت کاٹنا، اور نہ ہی کسی آباد گھر کو ویران کرنا، اور نہ ہی کسی بھیڑ اور اونٹ کی کونچیں کاٹنا مگر کھانے کے لئے (جتنی ضرورت ہو شرعی طریقے کے مطابق ذبح کرلینا)، اور کھجوروں کے پودوں کو مت کاٹنا نہ انہیں جلانا، اور مال غنیمت کو تقسیم کرنے میں دھوکہ نہ کرنا اورنہ ہی بزدل ہونا۔‘‘

3۔ امام ابن ابی شیبہ حضرت مجاہد سے مروی روایت بیان کرتے ہیں :

لَا يُقْتَلُ فِي الْحَرْبِ الصَّبِيُّ، وَلَا امْرَأَة وَلَا الشَّيْخُ الْفَانِي، وَلَا يُحْرَقُ الطَّعَامُ، وَلَا النَّخْلُ وَلَا تُخْرَبُ الْبُيُوْتُ وَلَا يُقْطَعُ الشَّجَرُ الْمُثْمِرُ.

ابن أبي شيبة، المصنف، 6 : 483، رقم : 33122

’’جنگ میں کسی بچے، عورت یا شیخ فانی کو قتل نہ کیا جائے اور نہ ہی کھانے اور کھجور کے درختوں کو جلایا جائے، اور نہ ہی گھروں کو ویران کیا جائے اور نہ ہی پھل دار درختوں کو کاٹا جائے۔‘‘

4۔ اسی طرح کی ایک اور روایت میں حضرت عبد اﷲ بن عمر رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ جب حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ نے لشکر کو شام کی طرف روانہ کیا تو اس کے ساتھ تقریباً دو میل چلے اور اہل لشکر کو مخاطب کرکے فرمایا :

أوصيکم بتقوی اﷲ، لا تعصوا ولا تغلوا، ولا تجبنوا، ولا تغرقوا نخلا، ولا تحرقوا زرعا، ولا تحبسوا بهيمة، ولا تقطعوا شجرة مثمرة، ولا تقتلوا شيخا کبيرا، ولا صبيا صغيرا.

مروزی، مسند أبی بکر : 69 - 72، رقم : 21

’’میں تمہیں اﷲ تعالیٰ سے ڈرنے کی وصیت کرتا ہوں، (اور یہ کہ) نافرمانی نہ کرنا، بزدلی نہ کرنا، کھجور کے پودوں کو تباہ نہ کرنا، کھیتیاں نہ جلانا، چوپایوں کو قید کر کے نہ رکھنا، کسی پھل دار درخت کو نہ کاٹنا اور کسی شیخ فانی کو قتل کرنا نہ کسی چھوٹے بچے کو۔‘‘

5۔ عاصم بن کلیب نے اپنے والد ماجد سے روایت کیا ہے کہ ایک انصاری نے بیان کیا : ہم ایک سفر میں رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ نکلے تو لوگوں کو کھانے پینے کی بڑی ضرورت پیش آئی اور دقت کا سامنا کرنا پڑا۔ پس انہیں بکریاں ملیں تو انہیں لوٹ کر ذبح کر لیا۔ کھانے کی ہانڈیوں میں ابال آرہا تھا کہ کمان سے ٹیک لگائے ہوئے رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تشریف لے آئے اور اپنی کمان سے ہماری ہانڈیوں کو الٹنا شروع کر دیا اور گوشت کو مٹی میں ملانا شروع کر دیا۔ پھر فرمایا :

إِنَّ النُّهْبَةَ لَيْسَتْ بِأَحَلَّ مِنَ الْمَيْتَةِ.

1. أبو داود، السنن، کتاب الجهاد، بَابُ فِي النهي عَنِ النُّهْبَی إِذَا کَانَ فِي الطَّعَامِ قِلَّة فِي أَرْضِ الْعَدُو، 3 : 66، رقم : 2705
2. بيهقی، السنن الکبریٰٰ، 9 : 61، رقم : 17789

’’لوٹ مار (کا کھانا) مردار جانوروں کے گوشت سے زیادہ حلال نہیں ہے۔‘‘

کس قدر احتیاط، اصول پسندی اور اعلی سیرت و کردار کا مظاہرہ ہو رہا تھا۔ محاذ جنگ تھا یا طویل سفر کے دوران بھوک کی شدت کی حالت، دنیا کا کوئی بھی عسکری قائد، مذہبی رہنما یا روحانی مربی اتنے صاف ستھرے، مضبوط اور پاکیزہ کردار کا یہ نمونہ پیش نہیں کرسکتا۔ اسی تربیت کا اثر تھا کہ بھوک سے نڈھال صحابہ رضی اللہ عنہم کے سامنے گوشت سے اُبلتی ہوئی ہانڈیاں مٹی پر الٹا دی گئیں اور پیکران صبر و رضا نے خاموشی کے ساتھ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فیصلے کے سامنے سر تسلیم خم کئے رکھا۔

اس موقع پر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے جو کلمات ارشاد فرمائے وہ انسانیت کے لئے ایک انمول تحفہ تھے۔ لوٹ مار کے رزق کو مردار جانور سے زیادہ ناپاک قرار دینا ان لوگوں کے لئے ایک لمحہ فکریہ ہے جو آئے روز لوٹ مار اور بنک ڈکیتیاں کرکے دہشت گردی کی کارروائیوں کے لئے رقم جمع کرتے ہیں۔

خلاصہ بحث

درج بالا تصریحات سے یہ بات خوب واضح ہوتی ہے کہ جب اسلام پر جنگ مسلط کر دی جائے یا مسلمانوں کو جارحیت کا نشانہ بنایا جائے اور جواب میں اسلامی ریاست کی فوج باقاعدہ جہاد میں مصروف ہو تو ایسے حالات میں بھی عورتوں، بچوں اور خدمت گزاروں کو قتل نہیں کیا جا سکتا۔ یہی نہیں بلکہ دوران جنگ فصلوں کو تباہ کرنے، عمارتوں کو مسمار کرنے، عبادت گاہوں کو نقصان پہنچانے اور لوٹ مار سے بھی منع کیا گیا ہے۔ جو اسلام دوران جہاد بھی ان امور کی اجازت نہیں دیتا اس کے نزدیک ایسے مسلمانوں یا غیر مسلموں کو جو براہ راست جارحیت میں ملوث نہ ہوں، پُر امن طریقے سے اپنے گھروں اور شہروں میں مقیم ہوں، کاروبار میں مصروف ہوں، سفر کر رہے ہوں یا مساجد میں مصروفِ عبادت ہوں۔ دہشت گردی کے ذریعے قتل کرنے کی کیسے اجازت دی جا سکتی ہے؟ لہٰذا یہ بات واضح ہو جاتی ہے کہ ایسی کارروائیاں اسلامی تعلیمات کے سراسر منافی اور قرآن و حدیث سے صریح انحراف ہیں۔

Copyrights © 2024 Minhaj-ul-Quran International. All rights reserved