تحریک منہاج القرآن کا تصور دین

خلاصہ کلام

تحریک منہاج القرآن اس پر زور دیتی ہے۔ اب آپ اس پر معلوم نہیں کتنی محنت اور عمل کرتی ہیں؟ یہ پانچ چیزیں جب ملتی ہیں تو تصورِ دین بنتا ہے، باقی سب قصے کہانیاں اور لوگوں کے ساتھ دھوکہ بازی ہے۔ بس میں یہ کہوں گا کہ دھوکہ بازی سے پرہیز کریں اور جو دین کی اصل روح ہے اسے سمجھیں، اپنی زندگی میں اجاگر کریں اور اس کی تبلیغ کریں۔ اس کو دوسروں تک پہنچائیں اور سب سے بہتر تبلیغ آپ کی اپنی زندگی میں اس کا عملی اِظہار ہے۔

اللہ تبارک و تعالیٰ آپ کو کامیابی دے۔ اس پیغام کو ایک ایک گھر میں پہنچائیں، دین کی دعوت کو فروغ دیں۔ ہر ایک کو اس کی کیسٹ اور سی۔ ڈی دیں۔ اس کو دعوت کا ذریعہ بنائیں اور اس کے ذریعے افرادی قوت اور تنظیمات بڑھائیں۔ یونین کونسل کی سطح تک کوئی جگہ ایسی نہ رہے جہاں مشن کا پیغام نہ پہنچے کیوں کہ اس کے بغیر معاشرے میں مصطفوی انقلاب نہیں آئے گا۔ پاکستان تباہی اور ہلاکت کے دہانے پر کھڑا ہے۔ دنیا بہت آگے نکل گئی ہے جب کہ پاکستان بہت پیچھے چلا گیا ہے بلکہ اب تو وہ گڑھے میں گرنے کے قریب جاپہنچا ہے۔ اِس کے لیے روک تھام آپ نے کرنی ہے مگر دنگے فساد سے نہیں، بلکہ روک تھام آپ نے کیسٹس کے ذریعے کرنی ہے۔ خرچ کریں، ایک ایک گھر میں کیسٹ پہنچائیں، تین چار پانچ کیسٹس کا ایک نصاب بنا کر سنائیں کیوں کہ وہ نتائج آپ کی زبانی بات کرنے سے حاصل نہیں ہوں گے جو میرا خطاب سنوانے سے ہوں گے۔ لہٰذا دعوت اس طریقے سے دیں اور افرادی قوت میں اضافہ کریں۔ اگر اﷲ تعالیٰ نے اُس دل پر مہر نہیں لگا دی تو پانچ کیسٹوں سے آپ کا کام ہوجائے گا اور میں امید کرتا ہوں کہ اس گھر میں انقلاب آجائے گا۔ گھروں میں جب تبدیلی آئے گی تو اہلِ خانہ آپ سے منسلک ہوں گے اور تحریک کا حصہ بنیں گے۔ اِن شاء اﷲ سوسائٹی میں تبدیلی کا آغاز ہوگا۔ ویمن لیگ نے بڑا رول ادا کرنا ہے۔ انقلاب کی جو بنیاد آپ بہنیں بیٹیاں رکھ سکتی ہیں وہ شاید مرد بھی نہیں رکھ سکتے کیوں کہ گھر کے ماحول کو بنانا اور بگاڑنا عورت کے ہاتھ میں ہوتا ہے۔ اِس لیے آپ کے ذریعے دعوت تیزی سے پھیلے گی اور بہت جلد تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہوگی۔ اﷲ تعالیٰ آپ کا آنا اور بیٹھنا قبول فرمائے۔

(آمین بجاہ سید المرسلین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم)

Copyrights © 2024 Minhaj-ul-Quran International. All rights reserved