نماز

فرض نمازیں

1. فجر:

کل رکعتیں: 04

  • 2 سنت مؤکدہ
  • 2 فرض

فجر کی نماز کا وقت طلوعِ صبحِ صادق سے آفتاب کی کرن چمکنے تک ہے۔

طریقہ:پہلے سنتیں ادا کی جائیں گی پھر دو فرض ادا کیے جائیں گے۔ فجر کی سنتوں کی اہمیت کے پیش نظر شرعی حکم یہ ہے کہ جماعت میں تاخیر سے شامل ہونے کی صورت میں اندازہ کرلیں کہ اگر امام کے سلام پھیرنے سے قبل دو سنتیں ادا کی جاسکتی ہیں تو پہلے سنتیں ادا کرلے اور پھر جماعت میں شامل ہوجائے۔ بصورتِ دیگر جماعت کے ساتھ شامل ہوجائے۔

2. ظہر:

کل رکعتیں: 12

  • 4 سنت مؤکدہ
  • 4 فرض
  • 2 سنت مؤکدہ
  • 2 نفل

ظہر کی نماز کا وقت آفتاب ڈھلنے سے اُس وقت تک ہے کہ ہر چیز کا سایہ علاوہ اَصلی کے دو گنا ہو جائے۔ یہی وقت نمازِ جمعہ کا ہے۔

3. عصر:

کل رکعتیں: 08

  • 4 سنت غیر مؤکدہ
  • 4 فرض

نماز عصر کا وقت ظہر کا وقت ختم ہونے کے بعد یعنی سوا سایۂ اصلی کے دو مثل سایہ ہونے سے آفتاب ڈوبنے تک ہے۔

4. مغرب:

کل رکعتیں: 07

  • 3 فرض
  • 2 سنت مؤکدہ
  • 2 نفل

مغرب کا وقت غروبِ آفتاب سے غروبِ شفق تک ہے۔

5. عشاء:

کل رکعتیں: 17

  • 4سنت غیر مؤکدہ
  • 4 فرض
  • 2سنت مؤکدہ
  • 2 نفل
  • 3 وتر واجب
  • 2 نفل

عشاء کی نماز کا وقت غروبِ سپیدی مذکور سے طلوع فجر تک ہے لیکن شمالاً جنوباً پھیلی ہوئی سپیدی کے بعد جو سپیدی شرقاً غرباً باقی رہتی ہے اس کا کچھ اعتبار نہیں، وہ جانب شرق میں صبح کاذب کی مثل ہے۔

سنتِ مؤکدہ و غیرہ مؤکدہ کی ادائیگی کا فرق

اگر چار رکعت سنتِ مؤکدہ ہیں تو دوسری رکعت کے بعد قعدہ میں تشہد پورا پڑھنے کے بعد اور درودِ ابراہیمی سے قبل کھڑے ہوجائیں . تیسری اور چوتھی رکعت میں سورئہ فاتحہ کے بعد کوئی سورۃ ملاکر معمول کے مطابق قعدئہ اخیرہ میں تشہد، درود ابراہیمی اور دعا پڑھ کر سلام پھیر دیں گے۔ جبکہ سنتِ غیر مؤکدہ میں دوسری رکعت میں تشہد کے بعد درود ابراہیمی اور دعا پڑھ کر کھڑے ہوجائیں گے اور تیسری رکعت میں سورئہ فاتحہ سے پہلے ثناء پڑھیںگے۔ بقیہ نماز مؤکدہ سنتوں کی طرح ادا کریں گے۔

Copyrights © 2024 Minhaj-ul-Quran International. All rights reserved