اس کتاب میں حضور نبی اکرم ﷺ کی ذاتِ والا صفات کی 12 صفات کو جلی سرخیوں کے ساتھ
پیش کیا گیا ہے تاکہ قارئین ایک ایک عنوان کے تحت آپ ﷺ کی بھرپور اور پُرنور شخصیت
کے محامد و محاسن، عادات و اَطوار اور اَوصاف و خصائص ملاحظہ فرما کر انہیں اپنی
روز مرہ عملی زندگی کا حصہ بنا سکیں۔ ہر مسلمان کے لیے یہ جاننا انتہائی ضروری ہے
کہ آپ ﷺ کا اندازِ نشست و برخاست کیا تھا، آپ ﷺ کا خرامِ ناز کیسا تھا، آپ ﷺ کو
اَشیاے خور و نوش میں کیا پسند تھا، آپ ﷺ کھانا تناول فرماتے ہوئے کن اُمور کو پیش
نظر رکھتے تھے۔ جب پانی پیتے تو اس کے لیے کیا اہتمام فرماتے، آپ ﷺ مجلس میں مشروب
کی تقسیم کس طرح فرماتے، کھانا تناول فرمانے اور پانی پینے کے بعد کیا دعا فرماتے۔
اسی باب میں حضور ﷺ کے لباس مبارک کابھی تذکرہ کیا گیا ہے۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ
حضور ﷺ جو انگوٹھی پہنا کرتے تھے، وہ انگوٹھی کس دھات کی ہوتی تھی اور آپ ﷺ انگوٹھی
کس ہاتھ میں پہنتے تھے۔ نیز یہ کہ آپ ﷺ نے انگوٹھی کس کس انگلی میں پہننے سے منع
فرمایا ہے۔ آپ ﷺ کی انگوٹھی میں کون سی تین سطریں کندہ تھیں۔ آپ ﷺ کون سی خوشبو
استعمال فرماتے اور کون سی خوشبو آپ ﷺ کو سب سے زیادہ پسند تھی، آپ ﷺ آٹھ پہروں میں
سے کس پہر خوشبو لگانا پسند فرماتے تھے۔ اس باب کے مطالعہ سے آپ کو یہ بھی معلوم
ہوگا کہ حضور نبی اکرم ﷺ جب آئینہ دیکھتے تو کیا دعا فرماتے۔ جب آپ ﷺ آرام فرمانے
کے لیے بستر پر تشریف لے جاتے تو کون سی اشیاء ایک جانب ترتیب سے رکھتے، صبح بیدار
ہونے کے بعد اورعصر سے پہلے کون سے تین کام کرتے۔ آپ ﷺ اپنے سر انور اور ریش مبارک
کے بالوں کی کس طرح آرائش کرتے۔ اس باب کے مطالعہ سے آپ یہ بھی جاننے کی سعادت حاصل
کریں گے کہ آپ ﷺ کس قسم کے چمڑے کے جوتے پہنتے تھے۔ آپ ﷺ کے پاس کون کون سے نعلین
مبارک تھے۔ نعلین پہنتے وقت کس طرف سے ابتدا کرنا پسند فرماتے اور اتارتے وقت کون
سا پاپوش مبارک پہلے اتارتے۔ آپ ﷺ کے پاس کتنے موزے تھے اور وہ کس کس نے آپ ﷺ کی
خدمت اقدس میں تحفتاً پیش کیے تھے۔ اسی باب کے مطالعہ کے دوران آپ یہ بھی جان پائیں
گے کہ حضور ﷺ جب رات کو تہجد کے لیے بیدار ہوتے تو پہلا کام کیا کرتے۔ وہ کون سی شے
تھی جس کا بلا ناغہ استعمال آپ ﷺ پسندفرماتے۔ جب حجام آپ ﷺ کی حجامت فرماتا تو
صحابہ کرام رضي الله عنهم کی عقیدت و ارادت، شیفتگی اور وارفتگی کی کیفیت اور عالم کیا ہوتا۔ آپ
ﷺ اپنی ریش مبارک کو کس طرح ترشواتے تھے۔ آپ ﷺ کس اہتمام سے اپنے ناخن مبارک تراشتے
تھے۔ جب آپ ﷺ اپنے بال مبارک کٹوا لیتے یا ناخن تراش لیتے تو انہیں کہاں دفن کرتے۔
اسی باب کے مطالعہ سے آپ حضور نبی اکرم ﷺ کے بستر مبارک اور استراحت کے انداز کے
بارے میں بھی معلومات حاصل کر سکیں گے۔ اس باب میں آپ کو حضور نبی اکرم ﷺ کی نیند
اور رات کو اٹھ کر عبادت کرنے کا بیان بھی نظر نواز ہوگا۔ جب آپ ﷺ کو چھینک آتی تو
آپ ﷺ کیا کرتے۔ چھینک آنے پر کیا کہتے اور چھینک کی آواز سننے پر کون سے الفاظ ادا
فرماتے۔