اربعین: فضائلِ جمعۃ المبارک

حرف آغاز

اسلام میں جمعۃ المبارک کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔ یہ وہ یوم سعید ہے جسے ہفتہ کے بقیہ ایام پر فضیلت عطاکی گئی ہے۔ یہ دن امت مسلمہ کو بطور خاص عطا کیاگیا ہے۔ اس دن کی فضیلت کے متعدد اسباب ہیں جو کتبِ احادیث و فضائل میں منقول ہیں۔ اس دن کی فضیلت کے اہم ترین اسباب میں سے ایک یہ ہے کہ اس روز حضرت آدم علیہ السلام کی تخلیق عمل میں آئی۔ لہٰذا یہ تخلیق انسانی کا روزِ اَوّل ہے۔ حدیث مبارکہ میں اس دن کو عید سے تعبیر کیا گیا ہے۔ سننِ ترمذی کی روایت کے مطابق حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہما نے آیتِ تکمیل دین کے نزول کے حوالے سے ایک یہودی کو جواب دیتے ہوئے فرمایا: بے شک یہ آیت دو عیدوں یعنی جمعہ اور عرفہ کے دن نازل ہوئی۔

اسلام کا نظامِ عبادات انفرادی اور اجتماعی ہر دو سطح پر رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ایک مسلمان انسان اسلامی عبادات سے نہ صرف انفرادی سطح پر متمتع ہوتا ہے بلکہ اجتماعی سطح پر بھی اس کے فیوض وبرکات سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ جمعۃ المبارک اس نظام عبادات کا ایک اہم ترین جزو ہے اور اسلام کے تصور اجتماعیت کا مظہر ہے۔ اس دن تمامِ اہل اسلام حکم خداوندی - {يٓـاَيُّها الَّذِيْنَ اٰمَنُوْٓا اِذَا نُوْدِیَ لِلصَّلٰوةِ مِنْ يَّوْمِ الْجُمُعَةِ فَاسْعَوْا اِلٰی ذِکْرِ ﷲِ وَذَرُوا الْبَيْعَ ط ذٰلِکُمْ خَيْرٌ لَّکُمْ اِنْ کُنْتُمْ تَعْلَمُوْنَo} ’’اے ایمان والو! جب جمعہ کے دن (جمعہ کی) نماز کے لیے اذان دی جائے تو فوراً اللہ کے ذکر (یعنی خطبہ و نماز) کی طرف تیزی سے چل پڑو اور خرید و فروخت (یعنی کاروبار) چھوڑ دو۔ یہ تمہارے حق میں بہتر ہے اگر تم علم رکھتے ہوo‘‘ - پر لبیک کہتے ہوئے اپنے اپنے علاقے کی جامع مسجد میں اکٹھے ہوتے ہیں اور اپنی ملی اور اسلامی وحدت کا مظاہرہ کرتے ہیں۔

اسلام کی دیگر عبادات کی طرح جمعۃ المبارک کی نماز میں خاص طور پر مسلمانوں کے اتحاد ویک جہتی اور اخوت و مساوات کا اظہار ہوتا ہے۔ ہر شہ وگدا اپنے خالق و مالک حقیقی کے سامنے سجدہ ریز ہو کر اظہار بندگی کرتا نظر آتا ہے۔ حکیم الامت علامہ محمد اقبال اس کیفیت کی منظر کشی کرتے ہوئے فرماتے ہیں:

ایک ہی صف میں کھڑے ہو گئے محمود و ایاز
نہ کوئی بندہ رہا نہ کوئی بندہ نواز

اس مبارک دن کا مقصود محض اجتماعی عبادت ہی نہیں بلکہ امت میں وحدتِ افکار پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی اخلاقی و روحانی اور فکری و نظریاتی تربیت بھی ہے۔ اس ہفتہ وار اجتماع کا مقصد مسلمانوں کا ایک دوسرے کے دکھ درد میں شریک ہونا بھی ہے۔

مجددِ رواں صدی، محدثِ عصر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی خدمت اسلام کے پہلوؤں میں سے ایک نمایاں پہلو خدمت حدیث کا ہے۔ زیر نظر اَربعین آپ کے زیر تالیف عظیم مجموعہ احادیث جامع السنۃ کے ایک باب میں سے منتخب کی گئی ہے تاکہ یہ اہم ترین موضوع سلسلہ اَربعینات میں بھی شامل ہو سکے اور ہر خاص و عام کے لیے ان احادیث سے استفادہ ممکن ہوسکے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں جمعۃ المبارک کی برکتوں سے بہرہ یاب فرمائے اور قرآن وسنت کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔ (آمین بجاہ سید المرسلین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم)


(محمد فاروق رانا)
ڈپٹی ڈائریکٹر، فریدِ ملّت رح رِیسرچ اِنسٹی ٹیوٹ
9 جولائی 2012ء

Copyrights © 2024 Minhaj-ul-Quran International. All rights reserved