برکات مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم

پیش لفظ

ہم اپنی روز مرہ ضرورت کی تکمیل کے لئے جو اشیاء استعمال کرتے ہیں ان کی از خود کوئی اہمیت نہیں ہوتی ان کی حیثیت صرف اتنی ہے کہ یہ ہماری ضروریات کی تکمیل کا ذریعہ ہیں۔ مثلاً ہم تن ڈھانپنے کے لئے کپڑے پہنتے ہیں، کھانے کے لئے برتن استعمال کرتے ہیں، سفر کے لئے سواری کو ذریعہ بناتے ہیں یا رہنے کے لئے کسی شہر یا گاؤں میں مکان بناتے ہیں لیکن اگر یہی عام اور معولی اشیاء اللہ کے کسی مقرب بندے سے منسوب ہو جائیں تو محض نسبت کی بنا پر بڑی بابرکت، فیض رساں اور باعث صد افتخار ہوجاتی ہیں۔ بلکہ اگر کسی جگہ کو اللہ کے کسی نیک بندے کی آخری آرام گاہ بننے کی سعادت نصیب ہو جائے تو نہ صرف وہ زیارتِ گاہِ خاص و عام بلکہ اس کے اردگرد کا پورا ماحول بابرکت ہو جاتا ہے۔

آقائے دو جہاں حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جب اپنی ظاہری حیات مبارکہ میں صحابہ کرام رضی اللہ عنھم کے اندر رہ کر اپنی روز مرہ کی اشیاء استعمال فرماتے تو وہ خوش نصیب صحابہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات اقدس سے برکت و فیض حاصل کرتے۔ احادیثِ مبارکہ میں ایسی بہت سی مثالیں مذکور ہیں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے جسم اطہر کو تبرکاً مس کرتے، دوران حجامت میں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سر مبارک سے جدا ہوتے بال حاصل کرنے کے لئے دیوانہ وار ایک دوسرے سے سبقت لے جانے کے لئے جھپٹ پڑتے۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مستعمل پانی سے تبرک حاصل کرتے۔ الغرض ہر اس چیز سے انہوں نے برکت حاصل کی جس کو کسی نہ کسی طرح روز مرہ زندگی میں آقائے دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے نسبت حاصل ہوئی۔

ان پاک و متبرک نسبتوں کا بیان قائد تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا خاص طرہّ امتیاز ہے۔ آپ نے اپنے سینکڑوں خطبات میں ان نسبتوں کی فیض رسانی اور ان کے بابرکت ہونے کا ذکر بڑے ایمان افروز اور دلنشین انداز سے کیا ہے۔ زیرِ نظر کتاب میں قائد محترم کے مذکورہ خطابات سے ماخوذ اسی طرح کی نسبتوں کو مرتب کرکے نذر قارئین کیا جا رہا ہے۔

ہم محترم طاہر حمید تنولی اور محترم محمد نواز الازھری کے شکر گذار ہیں کہ انہوں نے کتاب کی بروقت اشاعت میں ہماری معاونت کی۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ان آثار و تبرکات کے فیوض و برکات سے حصہ وافر عطا فرمائے۔( آمین)

محمد علی قادری

محمد تاج الدین کالامی

Copyrights © 2024 Minhaj-ul-Quran International. All rights reserved