صدائے انقلاب (مجموعہ خطابات)

پیش لفظ

پیش لفظ

مملکتِ خدا داد پاکستان میں فروغِ شعور و آگہی کی تحریک کا آغاز شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے 32 سال قبل تحریک منہاج القرآن کے قیام کے ساتھ ہی کر دیا تھا، تاہم قریباً آٹھ سال قبل اِس تحریکِ بیداریِ شعور کو اَز سر نو منظم کیا گیا۔ گزشتہ سال 23 دسمبر 2012ء کو مینارِ پاکستان کے تاریخی سبزہ زار میں آپ کا فقید المثال عوامی اِستقبال - جو ’سیاست نہیں … ریاست بچاؤ‘ کے نعرے کے تحت منعقد کیا گیا - بھی اِسی سلسلہ کی ایک کڑی تھا۔ بعد ازاں جنوری 2013ء میں ہونے والا اِسلام آباد لانگ مارچ اور دھرنا بھی ریاستی جبر، انسانی حقوق کی پامالی اور جمہوریت دشمن قوتوں کے خلاف آئینی جدوجہد کی تاریخ کا ایک روشن باب ہے۔ اِس کے بعد مختلف شہروں میں عوامی اِجتماعات منعقد کیے گئے تاکہ عوام میں اِس ملک کے اَبتر حالات اور اِس میں مروّج اُس فرسودہ نظام کو بدلنے کے لیے شعور بیدار کیا جائے جو سراسر دجل و فریب، ظلم و نااِنصافی، خیانت و بددیانتی، کرپشن و لوٹ مار اور غریبوں کو اُن کے حقوق سے محروم رکھنے پر قائم ہے۔

ان اجتماعات سے خطابات کرتے ہوئے جہاں شیخ الاسلام نے پاکستان کو درپیش مسائل کی اصل وجہ (root cause) سے عوام کو آشنا کیا وہیں انہوں نے پاکستان کے روشن و مستحکم اور خود مختار مستقبل کے لیے اپنا اِنقلابی ویژن پیش کیا۔ آج اگر پاکستانی قوم واقعی اپنے حالات بدلنے میں سنجیدہ ہے؛ مہنگائی، لوڈ شیڈنگ، دہشت گردی اور بے روزگاری اور پسماندگی جیسے عذابوں سے چھٹکارا پانا چاہتی ہے؛ اور پاکستان کو اَقوامِ عالم کی صف میں نمایاں مقام دلانا چاہتی ہے تو اِسے شیخ الاسلام کے ویژن پر عمل کرنا ہوگا۔

پاکستان میں تبدیلی کے راستے میں کیا کیا رکاوٹیں ہیں اور یہ کیسے ممکن ہے؟ مزید برآں اس حوالے سے شیخ الاسلام کا وژن کیا ہے اور اُن کی 23دسمبر 2012ء سے 11 مئی 2013ء تک کی عوامی جد و جہد کا اصل مدعا کیا ہے؟ آپ نے 23 دسمبر 2012ء سے 17 مارچ 2013ء کے اجتماعات سے خطابات میں اِس پر سیر حاصل گفتگو کی ہے۔

زیر نظر کتاب آپ کے انہی خطابات کی مرتبہ شکل ہے جو پاکستان عوامی تحریک کی طرف سے افادہ عام کے لیے شائع کی جا رہی ہے۔ وطنِ عزیز میں ‘حقیقی تبدیلی’ کے خواہش مند جملہ اَربابِ دانش اور صاحبانِ فکر و نظر سے درخواست ہے کہ اِس حیات بخش ویژن کو ہر خاص و عام تک پہنچائیں تاکہ وطنِ عزیز میں صرف ‘تبدیلی’ نہیں بلکہ ‘حقیقی تبدیلی (change)’ کا خواب اپنی روح کے ساتھ شرمندہ تعبیر ہوسکے۔

(ڈاکٹر رحیق اَحمد عباسی)
مرکزی صدر، پاکستان عوامی تحریک

Copyrights © 2024 Minhaj-ul-Quran International. All rights reserved