Islamic Teachings Series (4): Spiritual and Moral Excellence (Ihsan)

پیش لفظ

تحریک منہاج القرآن دینی اقدار کے احیاء اور عامۃ الناس میں دینی شعور کے فروغ کے لئے زندگی کے مختلف دائرہ ہائے عمل میں ہمہ جہت خدمات سر انجام دے رہی ہے۔ زندگی کے بدلتے تقاضوں اور بڑھتی رفتار کے پیش نظر ان کاوشوں کے اثرات کو افراد معاشرہ کی ہر سطح تک پہنچانے کی ضرورت ہے۔ گو اسلام کے مختلف پہلوؤں پر شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کئی کتب موجود ہیں مگر ان سے استفادہ کے لئے علمی پس منظر ضروری ہے ۔کم پڑھے لکھے اور ایک خاص استعداد سے کم افراد ان سے استفادہ نہیں کرسکتے۔ اندریں حالات اسلام کی مبادیات کے بارے میں ایسا لٹریچر تیار کرنے کی ضرورت تھی جو معاشرے کے کم پڑھے لکھے افراد خصوصاً خواتین کی دینی ضروریات کو پورا کرے۔ اس ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے فرید ملت رحمۃ اللہ علیہ  ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں شعبہ خواتین قائم فرمایا، جس میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی تحقیقی ذوق رکھنے والی خو اتین اور دی منہاج یونیورسٹی کی فاضلات ہمہ وقت خدمات سر انجام دے رہی ہیں۔ عامۃ الناس کو سادہ، سلیس اور عام فہم انداز سے ابتدائی دینی تصورات سے آگاہ کرنے کیلئے قبل ازیں اس سلسلے کی پہلی اشاعت کے طور پر شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تصنیف ’’تعلیمات اسلام‘‘ شائع ہوچکی ہے مگر ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے شعبہ خواتین میں ایمان اور اسلام کے مختلف موضوعات پر الگ الگ کتب شائع کرنے کا اہتمام کیا گیا ہے۔ زیر نظر کتاب پر کام کرنے والی فاضلات نے تمام مواد مفکر اسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتب، خطابات، ملفوظات اور مسودات سے لیا ہے۔ اس مواد کو عام فہم انداز میں سو (100) کی تعداد میں سوالاً جواباً مرتب کیا گیا ہے تاکہ اس موضوع پر قارئین کو نہ صرف ابتدائی ضروری معلومات فراہم ہوجائیں بلکہ ان کے ذہن میں اٹھنے والے مختلف سوالات کے جوابات بھی مل جائیں۔

زیر نظر کتاب میں ’’احسان‘‘ سے متعلق بنیادی تفصیلات کا احاطہ کیا گیا ہے۔ احسان و تصوف، اعتقاد و عمل میں رسوخ پیدا کرنے کا وہ طریق ہے جو دور صحابہ سے تا حال ایک زریں روایت کی صورت میں موجود رہا ہے۔ اس کتاب میں قرآن و حدیث کی روشنی میں احسان کی فضیلت، ایمان، اسلام اور احسان کے باہمی تعلق، سیرت صحابہ میں طریق احسان، حسن نیت اور حسن عمل کیلئے احسان کی اہمیت، روحانی تربیت کی اہمیت اور اس کے حصول کا طریق کار، صوفیائے کرام کے کردار کے نمایاں خصائص، حقیقت نفس، اصلاح نفس اور سلاسل طریقت کی تفصیل سمیت احسان سے متعلق اہم امور کا احاطہ کیا گیا ہے۔ دور حاضر میں طریق احسان کو اہم رکن اور اجتماعی زندگی میں کس طرح اور عمل کر سکتے ہیں۔ اس امر کو بھی تفصیلاً بیان کیا گیا ہے۔ یہ کتاب سب قارائین کیلئے علمی اور عملی افادہ کا باعث ہوگی۔

ڈاکٹر طاہر حمید تنولی
ڈائریکٹر ، فریدِ ملت رحمۃ اللہ علیہ  ریسرچ اِنسٹی ٹیوٹ
14 اپریل، 2005ء

 

Copyrights © 2019 Minhaj-ul-Quran International. All rights reserved