KHUSH HAL PAKISTAN KAY-LIYE DR TAHIR-UL-QADRI KA VISION

پیش لفظ

مملکتِ خدا داد پاکستان میں فروغِ شعور و آگہی کی تحریک کا آغاز شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے 32 سال قبل تحریک منہاج القرآن کے قیام کے ساتھ ہی کر دیا تھا، تاہم قریباً آٹھ سال قبل اِس تحریکِ بیداریِ شعور کو اَز سر نو منظم کیا گیا۔ گزشتہ سال 23 دسمبر 2012ء کو مینارِ پاکستان کے تاریخی سبزہ زار میں آپ کا فقید المثال عوامی اِستقبال - جو ’سیاست نہیں ۔۔۔ ریاست بچاؤ‘ کے نعرے کے تحت منعقد کیا گیا - بھی اِسی سلسلہ کی ایک کڑی تھا۔ بعد ازاں جنوری 2013ء میں ہونے والا پانچ روزہ اِسلام آباد لانگ مارچ اور دھرنا بھی پاکستان کی تاریخ کا ایک روشن باب ہے۔ اِس کے بعد مختلف شہروں میں عوامی اِجتماعات منعقد کیے گئے تاکہ عوام میں اِس ملک کے اَبتر حالات اور اِس میں مروّج اُس فرسودہ کو نظام بدلنے کے لیے شعور بیدار کیا جائے جو سراسر دجل و فریب، ظلم و نااِنصافی، خیانت و بددیانتی، کرپشن و لوٹ مار اور غریبوں کو اُن کے حقوق سے محروم رکھنے پر قائم ہے۔

17 مارچ 2013ء کو راول پنڈی کے تاریخی لیاقت باغ میں شیخ الاسلام نے پاکستان کے روشن و مستحکم اور خود مختار مستقبل کے لیے اپنا اِنقلابی ویژن پیش کیا۔ آج اگر پاکستانی قوم واقعی اپنے حالات بدلنے میں سنجیدہ ہے؛ مہنگائی، لوڈ شیڈنگ، دہشت گردی اور بے روزگاری اور پسماندگی جیسے عذابوں سے چھٹکارا پانا چاہتی ہے؛ اور پاکستان کو اَقوامِ عالم کی صف میں نمایاں مقام دلانا چاہتی ہے تو اسے شیخ الاسلام کے ویژن پر عمل کرنا ہوگا۔ پاکستان میں حقیقی تبدیلی کے لیے دیا گیا شیخ الاسلام کا ویژن کیا ہے؟ اس کی تفصیلات تو الگ شائع کی جائیں گی، البتہ اِس مختصر کتابچے میں اِفادہء عام کے لیے روشن و مستحکم پاکستان کے لیے دیے گئے ویژن کا مختصر خاکہ پیش کیا جارہا ہے۔

وطنِ عزیز میں ’حقیقی تبدیلی‘ کے خواہش مند جملہ اَربابِ دانش اور صاحبانِ فکر و نظر سے درخواست ہے کہ اِس حیات بخش ویژن کو ہر خاص و عام تک پہنچائیں تاکہ وطنِ عزیز میں صرف ’تبدیلی‘ نہیں بلکہ ’حقیقی تبدیلی (change)‘ کا خواب اپنی روح کے ساتھ شرمندہء تعبیر ہوسکے۔

(ڈاکٹر رحیق اَحمد عباسی)
مرکزی صدر، پاکستان عوامی تحریک

Copyrights © 2024 Minhaj-ul-Quran International. All rights reserved