Tehreek-e-Minhaj-ul-Quran ka Tasawwur-e-Din

پیش لفظ

دنیا میں جتنے بھی نظام ہاے زندگی رائج ہیں اُن میں سے کوئی بھی دین نہیں کیونکہ دین فقط اُسی نظام کو کہا جاسکتا ہے جو ہر اِعتبار سے کامل و مکمل اور اکمل ہو۔ جس میں انسانی زندگی کے ہر شعبے سے متعلق ضروریات کی کفالت موجود ہو اور جو انسانی زندگی کی اِنفرادی سطح سے لے کر بین الاقوامی سطح کے ہر گوشے اور پہلو پر قابلِ عمل رہنمائی مہیا کرے۔ نیز یہ نظام جامع و ہمہ گیر ہو اور ہر نقص و عیب سے پاک ہو۔ اﷲ رب العزت نے رسالت محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی وساطت سے ایسا ہی دین انسانیت کے لیے اتارا اور اسے اسلام کہہ کر پکارا : اِنَّ الدِّيْنَ عِنْدَ اﷲِ الْاِسْلَامُ (بے شک دین اﷲ کے نزدیک اسلام ہی ہے)۔ (آل عمران، 3 : 19)

یہ ایک المیہ ہے کہ گزشتہ ایک دو صدیوں میں دینِ اِسلام کا حقیقی تصور مسخ کرنے کے لیے اِس پر ہر جہت سے مختلف النوع حملے کیے گئے ہیں۔ یوں دین کی متعدد تعبیرات اور توجیہات کو جنم دے کر صحیح اسلامی فکر و نظریے پر اِبہام کے پردے ڈال دیے گئے۔ نتیجتاً عموماً دین کا صحیح مفہوم اور اس کی حکمت کا شعور بھی باقی نہیں رہا۔ اندریں حالات شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری مدظلہ العالی نے ترویج و اِشاعتِ دین، تجدیدِ دین اور اِصلاحِ اَحوال کی ضرورت کو محسوس کیا اور امت کی فکری و نظری، اَخلاقی و رُوحانی اور تحریکی و تنظیمی تربیت کا بیڑا اٹھاتے ہوئے تحریک منہاج القرآن کی بنیاد رکھی۔ اِس کا مقصد دینِ اِسلام کی جدید سائنسی، علمی و عملی اور روحانی presentation کے ذریعے دین اِسلام کا حقیقی پیغام لوگوں تک پہنچانا ہے اور انہیں دین اسلام کی اَمن و سلامتی پر مبنی آفاقی تعلیمات سے روشناس کرانا ہے۔

28 جولائی 2010ء کو حضرت شیخ الاسلام مدظلہ العالی نے کینیڈا سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ پر منہاج القران ویمن لیگ کی تنظیمات کے کیمپ سے ’’تحریک منہاج القرآن کا تصورِ دین‘‘ کے موضوع پر جامع گفتگو فرمائی، جس کا مقصد دین کے داعی کارکُنان کو بالعموم اور خواتین داعیات کو بالخصوص تحریک منہاج القرآن کے تصورِ دین سے کاملاً رُوشناس کرانا تھا تاکہ وہ اس اہم فریضے کی ادائیگی کامل شعور و آگہی کے ساتھ کر سکیں اور دعوت و تربیت کی نتیجہ خیزی کو یقینی بنا سکیں۔ حضرت شیخ الاسلام مد ظلہ العالی کی خصوصی ہدایات کے پیش نظر یہ خطاب مرتبہ شکل میں نظر قارئین ہے تاکہ تمام کارکنان اِس سے اِکتسابِ فیض و ہدایات کر سکیں۔ اِس خطاب کی ترتیب و تدوین کا کام اِبتدائی طور پر علامہ محمد حسین آزاد نے محترمہ مصباح کبیر کی معاونت سے کیا تھا جو کہ ستمبر 2010ء کے مجلہ ’دختران اسلام‘ میں شائع ہوا تھا جو کہ بالکل اِبتدائی شکل میں تھا۔ بعد ازاں منہاج القرآن ویمن لیگ کے تئیسویں یوم تاسیس (5 جنوری 2011ء) کے موقع پر ویمن لیگ کی طرف سے اِسے کتابی صورت میں شائع کرنے کے لیے محترم محمد فاروق رانا نے اس پر مزید کام کیا، اور اب یہ خطاب ترتیب و تدوین کے بعد کتابچے کی صورت میں نذر قارئین ہے۔

(شیخ عبد العزیز دباغ)
نائب ناظم اعلیٰ (ریسرچ)
فرید ملت رح ریسرچ انسٹی ٹیوٹ

Copyrights © 2024 Minhaj-ul-Quran International. All rights reserved